Saturday, 08 August, 2020
سویلین بالا دستی

سویلین بالا دستی
حا مد میر کا کالم

 

سپریم کورٹ کے ایک معزز جج کے ریمارکس نے مجھ ناچیز کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا۔ قتل کے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ استغاثہ کا نظام بہتر بنانے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے لیکن اس میں کوئی بہتری پیدا نہ ہو سکی آج بھی دو وزرائے اعظم کے قتل کے مقدمات معمہ بنے ہوئے ہیں۔ جسٹس دوست محمد خان کا اشارہ پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی طرف تھا۔ جج صاحب کے ریمارکس پڑھ کر اُن تمام سیاستدانوں کے چہرے میری نظروں کے سامنے گھومنے لگے جو آج کل سویلین بالادستی قائم کرنے کے لئے آئین میں مزید ترامیم کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کا معمہ حل کر کے سویلین بالادستی کی ایک سنہری مثال قائم کر سکتے تھے لیکن ان دونوں جماعتوں نے حصول اقتدار سے پہلے اور بعد میں ایسی ایسی سودے بازیاں کیں جن سے پردہ اٹھاتے ہوئے مجھے شرم آتی ہے کیونکہ میں بھی ایک سویلین ہوں اور سویلین بالادستی کا بہت بڑا حامی ہوں۔ لیاقت علی خان کی طرح محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی راولپنڈی میں قتل کیا گیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں ایک ای میل کے ذریعہ اپنے امریکی لابسٹ مارک سیگل کو مطلع کر دیا تھا کہ اگر اُنہیں قتل کیا گیا تو ذمہ دار جنرل پرویز مشرف ہوں گے۔ 

27دسمبر 2007ء کو اُنہیں قتل کیا گیا تو سی این این پر وولٹ بلٹنرز نے فوراً یہ ای میل دکھا دی۔ 2008ء کے انتخابات کے بعد مرکز میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی۔ ایف آئی اے اور پنجاب پولیس چاہتیں تو محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کا معمہ حل ہو سکتا تھا لیکن دونوں نے اس سلسلے میں کوئی سنجیدہ کوشش نہ کی کیونکہ مرکز اور پنجاب کی سویلین حکومتیں ایک سابق ڈکٹیٹر کی بے توقیری کے ممکنہ نتائج سے خوفزدہ تھیں۔ پیپلز پارٹی اس معاملے کو اقوام متحدہ تک لے گئی لیکن افسوس کہ جب دبائو آیا تو پیپلز پارٹی کی قیادت نے دبائو ڈالنے والوں کے ساتھ سودا کرنے کی کوشش کی لیکن اسکے باوجود پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سپریم کورٹ کے ہاتھوں نااہل ہو گئے۔ بظاہر اُن پر توہین عدالت کا الزام تھا لیکن اس سے بڑا قصور یہ تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم ہونے کے باوجود یہ سوال اٹھایا کہ اُسامہ بن لادن کو پاکستان کا ویزا کس نے دیا، وہ ویزے کے ساتھ آیا یا ویزے کے بغیر آیا؟ وزیر اعظم سوال نہیں کیا کرتے وزیر اعظم سوالات کے جواب دیا کرتے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی کا سوال اُن کی سیاسی بے اختیاری کی مثال بن گیا اور وہ وزارتِ عظمیٰ سے فارغ ہو گئے۔ 

یوسف رضا گیلانی کے بعد راجہ پرویز اشرف آئے لیکن محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کا معمہ حل نہ ہوا۔ مارچ 2013ء میں بے نظیر قتل کیس کے مرکزی ملزم پرویز مشرف پاکستان واپس آ گئے اور چند دنوں کے بعد بے نظیر قتل کیس میں سرکاری پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کو اسلام آباد میں قتل کر دیا گیا۔ 2013ءکے انتخابات میں پیپلز پارٹی صرف سندھ تک محدود ہو گئی۔ پیپلز پارٹی کے ووٹروں کی بڑی تعداد نے صرف اس لئے بھٹو کی پارٹی کو ووٹ نہ دیا کیونکہ آصف علی زرداری اور رحمان ملک بھٹو کی بیٹی کے قتل کا معمہ حل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے۔ 2013ء میں نواز شریف وزیر اعظم بن گئے۔ اب تاریخ نے اُنہیں سویلین بالادستی قائم کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے پرویز مشرف کے خلاف آئین سے غداری کا مقدمہ تو قائم کر لیا لیکن اسے انجام تک نہ پہنچا سکے۔ آج کل نواز شریف صاحب کے ایک خیر خواہ مجھے بار بار کہتے ہیں کہ سویلین بالادستی کے لئے نواز شریف کی حمایت کریں۔ میں نے اس خیر خواہ کو یاد دلایا کہ یہ آپ ہی تھے جو کہا کرتے تھے کہ اگر مشرف پر آئین سے غداری کا مقدمہ چلائے بغیر پاکستان سے باہر بھیج دیا جائے تو پاکستان میں سویلین بالادستی قائم ہو جائے گی۔ یہ بھی نہ سوچا گیا کہ مشرف پر صرف آئین کے قتل کا نہیں محترمہ بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی کے قتل کا مقدمہ بھی قائم تھا۔ نواز شریف حکومت نے مشرف کو پاکستان سے نکالنے کے لئے سویلین بالادستی کے تصور کو وزیراعظم ہائوس کی ایک دراز میں بند کر دیا۔ فواد حسن فواد نے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کو جو ہدایات دیں اُن پر عملدرآمد ہوا۔ یہ ہدایات کہاں سے آئی تھیں؟ بہتر ہے اس راز سے میں پردہ نہ اٹھائوں۔ نواز شریف صاحب خود ہی پردہ اُٹھا دیں تو بہتر ہو گا تاکہ قوم کو پتہ چلے کہ فواد صاحب نے کہاں سے ہدایات لی تھیں۔ 

گزارش صرف اتنی ہے کہ صرف دو سابق وزرائے اعظم کا قتل معمہ نہیں ایک سابق فوجی صدر اور ایک نامزد آرمی چیف کی موت بھی آج تک معمہ ہے۔ 17اگست 1988ء کو بہاولپور کے نزدیک جنرل ضیاء الحق کی طیارے کے حادثے میں موت آج تک ایک راز ہے۔ اس سے پہلے 1949ء میں پاکستانی فوج کے پہلے مقامی نامزد سربراہ میجر جنرل افتخار خان کراچی کے قریب جنگ شاہی کے علاقے میں ہوائی حادثے کا شکار ہوئے۔ وہ جنرل اکبر خان کے چھوٹے بھائی تھے۔ جنرل اکبر خان کو 13دسمبر 1949ء کو حادثے کی اطلاع ملی تو وہ رات کے اندھیرے میں خود جائے حادثہ پر پہنچے اور اپنے بھائی، بھاوج، بھتیجے اور بریگیڈیئر شیر خان کی لاشیں شناخت کیں۔ اس ہوائی جہاز پر الجزائر کی تحریک آزادی کا ایک لیڈر بھی سوار تھا جس کے زندہ یا مردہ گرفتار ہونے پر بڑی انعامی رقم مقرر تھی۔ یہ ہوائی جہاز اوریئنٹ ایئر لائنز کی ملکیت تھا جس کے ڈائریکٹر یوسف ہارون تھے۔ وزیر اعظم لیاقت علی خان نے اس حادثے کی تحقیقات کو دبا دیا اور میجر جنرل افتخار خان کی جگہ ایوب خان کو آرمی چیف بنا دیا۔ کچھ عرصہ کے بعد وزیر اعظم لیاقت علی خان راولپنڈی میں ایک افغان باشندے سید اکبر کی گولی کا نشانہ بن گئے۔ یہ افغان باشندہ حکومت پاکستان سے ساڑھے چار سو روپے ماہوار وظیفہ لیتا تھا اور اسے افغانستان سے نکالا جا چکا تھا۔ لیاقت علی خان کے بعد خواجہ ناظم الدین وزیر اعظم بنے تو وہ اپنے ساتھی اور دوست کے قتل کا معمہ حل کرنے میں ناکام رہے۔ عجیب اتفاق تھا کہ لیاقت علی خان قتل کیس کے انکوائری افسر ڈی آئی جی نوابزادہ اعتزاز الدین راولپنڈی سے لاہور آتے ہوئے ایک ہوائی حادثے کا شکار ہو گئے۔ یکم مارچ 1958ء کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم لیاقت علی خان کے قتل کی فائل غائب ہو چکی ہے۔ ایک وزیر اعظم کے قتل کی فائل غائب ہو گئی لیکن پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے قتل کی فائل تو غائب نہیں ہوئی۔ کیا سویلین بالادستی کے علمبردار اس معمے کو حل کرنے کی جرأت کریں گے؟ پیپلز پارٹی تو کچھ نہ کر سکی لیکن مسلم لیگ (ن) بہت کچھ کر سکتی ہے۔ مرکز میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اور پنجاب میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے۔ مسلم لیگ (ن) چاہے تو صرف چند ماہ میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کا معمہ حل کر سکتی ہے جس کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت کے لئے سندھ کے گلی کوچوں میں نکلنا بھی دشوار ہو جائے گا۔ سویلین بالادستی کا مطلب یہ تو نہیں کہ سپریم کورٹ کے پانچ سویلین جج آپ کو نااہل قرار دیں تو آپ سازش کا شور مچانے لگیں اور پھر انہی ججوں کے سامنے نظرثانی کی اپیل دائر کر کے اپنا مذاق بنا لیں۔ سویلین بالادستی کا مطلب یہ ہے کہ کوئی ایسا کام کر کے دکھائیں جس سے براہ راست فائدہ آپ کی ذات کو نہیں بلکہ واقعی آئین و قانون کو ہو۔ آپ بے نظیر قتل کیس کا معمہ حل کر دیں ہم آپ کو سلام پیش کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بشکریہ ’’روزنامہ جنگ‘‘
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کالم نگار، بلاگر یا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ بھی ہمارے لیے کالم / مضمون یا اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر اور مختصر تعارف کے ساتھ info@mubassir.com پر ای میل کریں۔ ادارہ

اپنا تبصرہ دینے کے لیے نیچے فارم پر کریں
   
نام
ای میل
تبصرہ
  42467
کوڈ
 
   
متعلقہ کالم
تندرستی ہزارنعمت ہے صحت مندجسم صحت منددماغ ہوتا ہے اس لئے اچھی صحت کے لئے درج ذیل ہدایات اورپرہیزپرعمل کیجئے اوربیماریوں سے دوررہیں اورصحت مندوتوانازندگی گزاریں۔ اچھی صحت کے لئے حیوانات سے حاصل ہونے والی اشیا ء کم سے کم استعمال کریں۔ چربی لگا گوشت بہت کم کھائیں۔ دخانی عمل سے پکائی ہوئی غذا /فاسٹ فوڈبالکل نہ کھائیں۔
برادرم یوسف مستی خان پاکستانی سیاسی منظرنامہ میں وہ رہنما ہیں، جو سیاست کی نزاکتوں کے ساتھ تاریخ کا تجزیۂ شعور بھی رکھتے ہیں۔ لہٰذا یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ وہ ایک ایسے سیاسی مدبر ہیں
آثار یہی بتاتے ہیں کہ دو برس پہلے کی طرح اس بار بھی ارکانِ پارلیمان اور پارلیمانی لیڈر آنکھوں میں آنسو بھر کے گلوگیر تقاریر کے بعد انتہائی بوجھل دل سے اپنی آئینی و قانونی بلا گلے سے اتار کے خصوصی فوجی عدالتوں کے سپرد کر دیں گے
لگ بھگ تین ہفتے پہلے بیروت کے رفیق ہریری انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس اسکواڈ نے ایک سعودی نجی جیٹ طیارے پر چھاپہ مار کے پچیس بکسوں سے تقریباً دو ٹن ایمفیٹا مائن کیپٹوگون ٹیبلٹس کی کھیپ پکڑ لی اور انتیس سالہ شہزادہ عبدالمحسن بن ولید بن عبدالعزیز

مزید خبریں
سید منور حسن مسلم امہ کا اثاثہ و سرمایہ تھے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء پر نہیں ہو سکے گا۔
کورونا وائرس پاکستان ہی نہیں ہی دنیا بھر میں اپنی پوری بدصورتی کے ساتھ متحرک ہے ، تشویشناک یہ ہےاس عالمی وباء کے نتیجے میں ہمارے ہاں اموات کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا،
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے اضلاع کی سطح پر قرنطینہ مرکز بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری سےخالد جاوید خان کو انور منصور کی جگہ پاکستان کا نیا اٹارنی جنرل تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔

مقبول ترین
پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے چند روز قبل نجی ٹی وی چینل پر کشمیر اور مسلم ممالک پر مشتمل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے متعلق ایک بیان دیا جسے بعدازاں چینل نے سینسر کر دیا گیا۔
احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نیب کے دائرہ اختیار کیخلاف آصف زرداری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پیر کے روز فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ تحریری حکم نامہ آج ہی جاری کریں گے جس میں ضروری ہدایات دی جائیں گی۔
اس میں شک نہیں کہ مختلف دینی مسالک کے ماننے والوں کا عمومی رویہ یہ ہے کہ وہ دوسروں کی بات نہیں سنتے بلکہ اپنی محفلوں میں دوسروں کو آنے کی دعوت تک نہیں دیتے ۔ اس غیر صحت مندانہ رجحان سے غیر صحت مندانہ معاشر ہ تشکیل پاچکا ہے ۔ اس صورت حال کا ازالہ بحیثیت قوم بقا کے لیے ناگزیر ہے ۔ اس سلسلے میں ہم ذیل میں چند معروضات پیش کرتے ہیں :
احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا صحت جرم سے انکار کردیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب گواہوں کو طلب کرلیا۔

پاکستان
 
آر ایس ایس
ہمارے پارٹنر
ضرور پڑھیں
ریڈرز سروس
شعر و ادب
مقامی خبریں
آڈیو
شہر شہر کی خبریں