![]() |
فائل فوٹو |
معروف ٹی وی کمپیئر اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے طارق عزیز انتقال کرگئے۔ طارق عزیز گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔
ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور آج خالق عزیز سے جاملے۔ طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
معروف اداکار طارق عزیز پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔ طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
1936ء میں بھارتی شہر جالندھر میں آنکھ کھولنے والے طارق عزیر قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ صوبہ پنجاب آگئے۔
انہوں نے ساہیوال میں اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی اور ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔
1964ء میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر بنےتاہم انہیں اصل شہرت پی ٹی وی کے معروف گیم شو نیلام گھر سے شہرت حاصل ہوئی، وہ اس بروگرام کی کم و بیش 40 سال تک میزبانی کرتے رہے۔ کئی سال وقفے کے بعد جب نیلام گھر دوبارہ شروع کیا گیا تو اس کا نام ’’طارق عزیز شو‘‘ رکھا گیا۔
طارق عزیز نے بڑی اسکرین پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کی پہلی فلم “انسانیت” 1967 میں ریلیز ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں اور ہار گیا انسان میں بھی اداکاری کی۔
حکومت پاکستان کی جانب سے طارق عزیز کی خدمات کے صلے میں انہیں 1992ء میں صدارتی تمغۃ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔
طارق عزیز نے سیاست کے میدان میں بھی زورآمائی کی اور 1997ء میں وہ مسلم لیگ نون کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے طارق عزیز کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور ان کے لیے دعا گو ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ
![]() |
وزیر اعظم کی ٹویٹ |