![]() |
فیصل آباد ۔ شہید بینظیربھٹو ہیومن رائٹس سینٹر فار وومن سے گزشتہ 10 سال کے دوران 43سوسے زائد خواتین نے رابطہ کیا اور 3707 خواتین کو گھریلو تشدد،جسمانی ہراساں کرنے، پراپرٹی میں حصہ نہ دینے کی شکایات پرریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 594 درخواستوں پر محکمانہ کارروائی جاری ہے۔
یہ بات شہید بینظیر بھٹو ہیومن رائٹس سنٹر فار وومن کے قیام کی دس سالہ تقریب کے دوران بتائی گئی۔ ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل اور فاطمہ فریحہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں جبکہ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شاہد رانا،ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری محمد اشرف،مینجروومن سینٹر کنول شہزادی،سوشل ویلفیئر آفیسر صنم زہرا،مسز انجم عالم شاہ،شمائلہ عثمان اوردیگرخواتین ممبران بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر وومن سینٹر کے قیام کے دس سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا گیا۔ارکان اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے شہید بینظیر بھٹو ہیومن رائٹس سینٹر فار وومن کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ادارہ نے درخواستوں کو تیز رفتاری سے نمٹا کر درخواست گزار خواتین کی دادرسی کی ہے۔انہوں نے خواتین کی ترقی و بہبود کے لئے حکومت پنجاب کے عملی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وومن پروٹیکشن آرڈیننس کے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہورہے ہیں اورسرکاری اداروں میں ملازمت پیشہ خواتین کو پرسکون ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنٹر کی بھرپور سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔ڈائریکٹر سوشل ویلفےئر نے کہاکہ حکومت پنجاب خواتین کے اداروں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے اور فیصل آباد میں وومن پروٹیکشن سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے وومن سنٹر کی دس سالہ کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی خواتین کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئر نے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا نصف سے زائد ہیں جنہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے اقدامات جاری رہنے چاہیں۔مینجروومن سنٹر نے ادارہ کی دس سالہ کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کیا اور کہا کہ سنٹر سے رجوع کرنے والی خواتین کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کالم نگار، بلاگر یا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ بھی ہمارے لیے کالم / مضمون یا اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر اور مختصر تعارف کے ساتھ info@mubassir.com پر ای میل کریں۔ ادارہ