![]() |
عوام، گیس، غیر مناسب، وزیراعظم، مبصر نیوز
وزیراعظم نے گیس کے نرخ میں اضافے کانوٹس لے لیا
لاہور ۔ وزیراعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کردی۔
میڈیا کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گھریلو صارفین کے لئے گیس بلوں میں اضافہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ عوام پر گیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کردی۔
علاوہ ازیں گورنر پنجاب سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جب کہ واٹر اتھارٹی کے قیام کے لئے جلد قانون سازی کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انہیں سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان ایوان وزیراعلیٰ لاہور پہنچے جہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور پنجاب کے دیگر افسران شریک تھے۔
بعدازاں وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، نعیم الحق، افتخار درانی، صمصام بخاری، عائشہ چوہدری، یوسف بیگ مرزا، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، زلفی بخاری اور دیگر بھی شریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ