![]() |
فائل فوٹو |
اسلام آباد۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو جولائی کے آخر تک کورونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ آئندہ کچھ دنوں میں کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت روزانہ ڈیڑھ لاکھ تک لےجائیں گے۔
اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ آپریشن سینیٹر (این سی او سی) میں میڈیا بریفنگ میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ کہا حفاظتی اقدامات سے کورونا پر قابو پایا جاسکتا ہے، موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہ کی گئی تو کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے جب کہ ماہرین کہتے ہیں جولائی کے آخر تک کورونا کیسز میں 8 سے 10 گنا تک اضافہ ہوسکتاہے اور موجودہ صورتحال برقرار رہی تو جولائی کے آخر تک یہ تعداد تعداد 10 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت روزانہ ڈیڑھ لاکھ تک لےجائیں گے، 2 دن سے کورونا کے 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ ہورہے ہیں، سندھ اور پنجاب میں 500 بیڈز اور کے پی میں 400 آکسیجن بیڈز کا اضافہ کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کو پھیلنا تو ہے لیکن اس کی رفتار کم کرنی ہے تاکہ صحت کا نظام دباؤ میں نہ آئے جب کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز زیادہ ہوں گے ادھرٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عوام سے بار بار اپیل کر رہے ہیں کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔تحقیق کے مطابق فیس ماسک کا استعمال کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں معاون ہے۔ فیس ماسک کے ساتھ سماجی فاصلہ بھی یقینی بنائیں۔ احتیاط نہیں کریں گے تو کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آئے گی۔ جتنی احتیاط کریں گے کورونا اتنا قابو میں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پہلے دو ماہ عوام نے نظم وضبط کا مظاہرہ کیا لیکن اس کے بعد ایسا نظر نہیں آیا اس کی وجہ سے آئے روز متاثرین میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ حکومت شہریوں کی زندگی کی حفاظت کے لئے اقدامات کر رہی ہے، حکومت کورونا صورتحال میں غریبوں کی مدد کرنے میں کامیاب ہوئی ہے تاہم جہاں کورونا کیسز زیادہ ہوں گے وہاں پابندیاں لگائی جائیں گی، حکومت ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ