Sunday, 19 January, 2020
آرمی چیف سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے میں قانونی سقم ہے، فواد

آرمی چیف سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے میں قانونی سقم ہے، فواد

 

پاکستان کے وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کہتے ہیں کہ آرمی چیف کی مدت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے میں قانونی سقم موجود ہے۔ وفاقی کابینہ کو تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، جس کے بعد اس پر نظرثانی کی درخواست دائر کی جا سکتی ہے۔

 وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی قانونی قابلیت پر اگرچہ سوال اٹھانے کی بہت کم گنجائش ہے، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف کی مدت میں توسیع کے حوالے سے فیصلے میں بہت سے سقم اور کوتاہیاں پائی جاتی ہیں۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے فیصلے پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ آرٹیکل 243 کو تو بلکل ختم ہی کر دیتا ہے۔ سپریم کورٹ پارلیمان کو نہیں کہہ سکتی کہ آپ یہ قانون سازی کریں اور وہ قانون سازی نہ کی جائے یا یہ کہ اس مدت کا آئین میں تعین کریں۔

فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت کا آئینی حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 1956 اور 1962 کے آئین میں فوج کے سربراہ کی مدت کا تعین کیا گیا تھا۔ تاہم، 1973 کے آئین میں پارلیمنٹ نے پوری بحث کے بعد مدت کا تعین ختم کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین بنانے والی پارلیمنٹ چاہتی تھی کہ وزیر اعظم بااختیار ہو اور وہ جب چاہیں آرمی چیف کو ہٹا سکیں۔

فواد چوہدری کے مطابق، اگر آپ مدت کا تعین آئین میں رکھیں گے تو اسے ہٹائیں گے کیسے؟ لہذا، سپریم کورٹ کے اس فیصلے میں سقم موجود ہے اور قانونی طور پر اس سقم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

اس سوال پر کہ کیا حکومت سپریم کورٹ میں اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی؟ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میری رائے تو یہی ہے کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی جانی چاہیے اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ میں مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی حکومت کی حکمت عملی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت کو سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے جس کے بعد اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے حکومتی فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی تھی اور حکومت کی جانب سے کی گئی تین سال کی توسیع کے نوٹیفکیشن کو معطل کرتے ہوئے اس حوالے سے چھ ماہ میں قانون سازی کا حکم دیا تھا۔

آرمی چیف کی مدت میں توسیع کے حوالے سے قانون سازی پر فواد چوہدری نے کہا کہ سب جماعتیں سمجھتی ہیں کہ خطے کی صورت حال کے پیش نظر فوج کے سربراہ کی مدت میں توسیع ایک مناسب اقدام ہے۔ اس پر کوئی ابہام نہیں پایا جاتا ہے۔

'پارلیمان اہمیت کھو رہی ہے'

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کے اداروں کے درمیاں اختیارات اور کردار کے حوالے سے بحث ہوتی رہتی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ حکومت، حزب اختلاف، فوج و عدلیہ بیٹھ کر اپنی حدود کا تعین کریں۔

ان کے بقول، بصورت دیگر اداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ آرٹیکل 62-63 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ کا احتساب کرتی ہے، لیکن خود پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں احتساب کے لیے آنے کو تیار نہیں ہے۔

فواد چوہدری کہتے ہیں کہ فوج بھی چاہتی ہے کہ ان کے احتساب کے عمل کو نہ چھیڑا جائے۔ ذرائع ابلاغ بھی یہی چاہتا ہے کہ اس پر کوئی قدغن نہ ہو اور اسے آزاد چھوڑ دیا جائے۔ اس سارے معاملے میں سب سے بڑا ادارہ یعنی پارلیمنٹ اپنی اہمیت کھو رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جب تک پارلیمان کو اعلی اور معتبر ادارہ نہیں بنایا جائے گا پاکستان آگے نہیں جا سکتا۔

'حزب اختلاف نے ایوان کو سنجیدہ نہیں لیا'

اپوزیشن جماعتوں کا ذکر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حزب اختلاف نے پارلیمنٹ کو سنجیدہ نہیں لیا۔ وہ محض بدعنوانی کے مقدمات کا دفاع کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو بااختیار بنانے کے حوالے سے حکومت و اپوزیشن نے ماضی میں بھی کوتاہی برتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ ہو یا قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین میں تبدیلی کی بات ہو، ان معاملات پر پارلیمنٹ میں بحث اور فیصلے ہونے چاہئیں۔

وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ اپوزیشن جب بھی پارلیمنٹ میں بات کرتی ہے کہتی ہے کہ حکومت بدعنوانی میں گرفتار لوگوں کے خلاف کارروائی نہ کرے یا سودے بازی کرے جس کے باعث بات چیت میں تعطل پیدا ہو جاتا ہے۔

'نواز شریف اور زرداری کو جیل میں رکھنے میں دلچسپی نہیں'

حزب اختلاف کے رہنماؤں کا ذکر کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے مقدمات میں ضمانت پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل میں رکھنے میں حکومت کو خاص دلچسپی نہیں ہے بلکہ عوام کو سر و کار یہ ہے کہ بدعنوانی کا پیسہ واپس قومی خزانے میں کیسے لایا جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے اثاثے زیادہ تر پاکستان میں ہیں۔ البتہ، نواز شریف کے خاندان کے زیادہ تر لوگ اور جائیدادیں ملک سے باہر ہیں جو کہ حکومت کے لیے ایک چیلنج ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس معاملے پر برطانوی حکومت کے ساتھ سنجیدہ بات چیت چل رہی ہے۔ اگر ان کی جانب سے تعاون ہوا تو لندن میں شریف خاندان کے اثاثے حکومت پاکستان کے حوالے ہو سکتے ہیں۔

ضمانت پر رہائی کے بعد علاج کے لیے نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کے بیرون ملک جانے سے ان کا بیانیہ تباہ ہو گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جس انداز سے نواز شریف ملک سے باہر گئے اس پر ابہام پایا جاتا ہے، جس کی عکاسی میڈیا اور حکومتی رہنماؤں کے بیانات میں ہوتی رہی۔

'حکومت اصلاحات میں ناکام رہی'

حکومت کی اب تک کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 15 ماہ میں حکومت کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ معاشی اشاریے بہتر ہونا حکومت کی بڑی کامیابیاں ہیں، جس قسم کی بحرانی صورت حال میں تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تھی۔ پاکستان کے حالات وینزویلا سے مختلف نہیں تھے۔ بحرانی صورت حال میں ڈالر کی قیمت 500 روپے تک بھی جا سکتی تھی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اداروں میں اصلاحات نہ کر پانے کو وہ حکومت کی بڑی ناکامی تصور کرتے ہیں، جس کی وجہ ان کے خیال میں وزیر اعظم کا معیشت پر توجہ مرکوز رکھنا تھا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومتی اداروں میں اصلاحات کے حوالے سے وہ اختلاف رائے رکھتے ہیں کہ اصلاحات کے عمل کا آغاز وفاق سے نہیں صوبوں سے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں اصلاحات کی کمیٹی صرف وفاق کے اداروں میں کام کر رہی ہے جو کہ ہماری بڑی غلطی ہے۔

وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ اصلاحات کا مرکز صوبے ہیں وفاق نہیں۔ پولیس، تعلیم، صحت اور طرز حکومت (گورننس) میں بہتری صوبوں سے آنی ہے۔

'بائیو ٹیکنالوجی کو جی ڈی پی کا چار فی صد چاہتے ہیں'

سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ وزیر اعظم کو ان کی وزارت کے امور میں کافی دلچسپی ہے اور وہ پاکستان کے مستقبل کی بنیاد سائنس، ٹیکنالوجی، علم اور جدت پسندی پر رکھنا چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جب دنیا بھر میں سائنس و ٹیکنالوجی کا بجٹ بڑھایا جا رہا تھا تو سابق حکومت نے اس وزارت کا بجٹ تین ارب 30 کروڑ روپے سے کم کرکے ایک ارب 30 کروڑ روپے کر دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت کے بجٹ میں 600 گنا اضافہ کیا گیا ہے جو کہ آئندہ مالی سال میں 20 ارب روپے تک لے جایا جائے گا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ انہوں میں ملک بھر کے 500 سے زائد سائنس و تحقیقات کے اداروں کے درمیان اشتراک اور ہم آہنگی کے لیے ایک لائحہ عمل ترتیب دیا ہے جس سے تحقیق کی مد میں دوہرے اخراجات میں کمی اور تجربات میں اضافہ ہوگا۔

وزیر سائس و ٹیکنالوجی کہتے ہیں کہ وہ بائیو ٹیکنالوجی کو ملکی جی ڈی پی کا چار فیصد دیکھنا چاہتے ہیں اور 2030 تک بائیو ٹیکنالوجی سے 30 ارب روپے کی برآمدات کر پائیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ

اپنا تبصرہ دینے کے لیے نیچے فارم پر کریں
   
نام
ای میل
تبصرہ
  56071
کوڈ
 
   
متعلقہ خبریں
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نے فیصل واوڈا سے ٹاک شو میں ان کے رویے پر وضاحت بھی طلب کی ہے۔
سپریم کورٹ میں کرنل (ر) انعام الرحیم کی رہائی کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیے کہ کرنل (ر) انعام عملی طور پر جاسوسی کرتے رہے، وہ اکیلے نہیں بلکہ ان کا پورا نیٹ ورک ہے
کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے زودار دھماکے میں‌ ڈی ایس پی امان اللہ اور امام سمیت 15 افراد شہید جبکہ متعدد ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں.
تبدیلی سرکار نے خیبرپختونخوا میں میٹرک پاس شخص کو صوبے کا نیا وزیر تعلیم بنا ڈالا۔ خیبر پختونخوا کے نئے وزیر تعلیم اکبرایوب میٹرک پاس نکلے، دسویں پاس شخص کو مستقبل کے معمار تیار کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔

مزید خبریں
گلگت بلتستان میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث درجہ حرارت منفی 20 تک گر گیا۔گلگت بلتستان کے بالائی علاقے خاص کر استور، روندو، کھرمنگ اور سکردوں میں شدید سردی اور، یخ بستہ ہواوں نے لوگوں کی زندگی اجیرن اور زندگی مفلوج کردی ہے۔

مقبول ترین
وزیراعظم, عمران خان, ملائشین وزیراعظم, مہاتیر محمد, اسلامی دنیا, تجربہ کار, حکمران, مسائل,
وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ میڈیا پر آٹا سپلائی سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے۔
صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے کہا ہے کہ لاہور میں سستا آٹا وافر مقدار میں موجود ہے، آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی جانب سے مستقل اشتعال انگیزی پر عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت کی جانب سے حملوں اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ نہ رکا تو پاکستان کے لیے خاموش رہنا مشکل ہو جائے گا۔

پاکستان
 
آر ایس ایس
ہمارے پارٹنر
ضرور پڑھیں
ریڈرز سروس
شعر و ادب
مقامی خبریں
آڈیو
شہر شہر کی خبریں