![]() |
اسلام آباد . وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تاریخی اجلاس کے دوران دارالحکومت میں موبائل فون سروسز بحال رہے گی جبکہ ہفتہ اور پیر کو اسلام آباد میں چھٹی ہوگی۔ اسلام آباد میں سیف سٹی کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 40 سال بعد او آئی سی کے ورزائے خارجہ کی تاریخی کانفرنس ہونے جارہی ہے جو تین روز جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں ہفتہ اور پیر کے روز مقامی چھٹی ہوگی، پاکستان میں ایک تاریخی او آئی سی کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے، او آئی سی کے 57 ممالک کے وفود اور وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کیلئے آ رہے ہیں، 40 سال پہلے بھی افغانستان کے مسئلےپر ہم نے کانفرنس کی تھی، او آئی سی کانفرنس پارلیمنٹ میں ہو رہی ہے، لوگوں کو مین ریڈ زون میں نقل و حرکت پر مشکلات کا سامنا کرنے پڑے تو معذرت خواہ ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں حکام کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنے والے شرکاء کی سکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکام کو ہدایت کی کہ غیر ملکی مندوبین کو فول پروف سیکورٹی دی جائے، سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، او آئی سی اجلاس میں آنے والے مندوبین ہمارے مہمان ہیں۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت سیکیورٹی کی بھی ہدایت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ