![]() |
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے یہ شہر اب آگے بڑھے گا اور حافظ نعیم الرحمان اس شہر کا میئر بنے گا۔
تحفظ کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا جماعت اسلامی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک اور شہر کراچی میں سب کو انصاف اور روزگار ملے، ہم اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ہم کراچی کے وسائل کراچی کے عوام پر خرچ کریں گے، 15 جون کا سورج ترقی و خوشحالی کی نوید لے کر نکلے گا، ہم کراچی کو بھی استنبول کی طرح عالم اسلام کا ترقیاتی شہر بنائیں گے، جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو بلاتفریق رنگ و نسل سب کو ساتھ لے کر چلے گا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے ذریعے لوگوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، اب قوم بیدار ہو گئی ہے ، آصف زرداری تسلیم کریں کہ آپ کی جماعت کو کراچی کے عوام نے مسترد کر دیا، آصف زرداری تسلیم کریں کہ عوام نے جماعت اسلامی کو شہر کا مینڈیٹ دیا ہے، طویل عرصے سے اس شہر کو تباہ کیا گیا اور لوٹ کھسوٹ کا بازار لگایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقابلہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ مقابلہ پیپلز پارٹی اور عوام کا ہے، آصف زرداری عوام اور جمہور کے فیصلے کو تسلیم کریں۔
وڈیرے شہر کے مینڈیٹ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں: حافظ نعیم
قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں جماعت اسلامی نے لیں لیکن شہر کے مینڈیٹ پر وڈیرے قبضہ کرنا چاہتے ہیں، کل سپریم کورٹ میں پیٹیش دائر کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ