کراچی - قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز فخر زمان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سینچری بنانے والے 11 ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ میڈیا کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے بلے باز فخر زمان نے سینچری بنالی۔
فخر زمان اس اسٹیڈیم میں ایک روزہ میچ میں سینچری بنانے والے 11 ویں کھلاڑی بن گئے۔ اس میدان پر ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 33 سنچریز اسکور کی گئیں، پہلی سنچری ظہیر عباس نے 1983 میں بنائی تھی اور ان کا اسکور 113 رنز تھا۔
قبل ازیں سلمان بٹ نے 2008 اور 2009 میں، محمد یوسف نے 2002 اور 2004 نے دو دو بار سنچریز بنائیں جب کہ عامر سہیل 1996، انضمام الحق 2004، کامران اکمل 2005، یونس خان 2008، شعیب ملک 2008 اور بابر اعظم 2019 میں ایک ایک بار سینچری بناچکے ہیں۔
خیال رہے کہ اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں نیشنل اسٹیڈیم پر سب سے زیادہ انفرادی اسکور 181 ہے اور یہ کارنامہ ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز نے سرانجام دیا تھا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں بھارت کے 5 کھلاڑیوں نے 6 سینچریز اسکور کی ہیں جس میں سریش رائنا کی 2 سنچریز بھی شامل ہیں،ویسٹ انڈیز کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے 5 سینچریز بنائی ہیں، ویوین رچرڈز نے 2 مرتبہ سینچری جڑی۔
اسی طرح سری لنکا کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے 6 سنچریز بنائیں، جے سوریا اور کمار سنگاکارا نے 2،2 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ اسی طرح آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ایک ایک کھلاڑی نےاس میدان میں سنچری اسکور کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ