![]() |
واشنگٹن ۔ اقوام متحدہ میں تعینات امریکی سفیر نکی ہیلی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ میں متعین امریکی خاتون سفیر نکی ہیلی نے اپنی ذمہ داریوں سے دست برداری اختیار کرتے ہوئے استعفیٰ صدر ٹرمپ کو ارسال کردیا جو انہوں نے منظور کرلیا۔
نکی ہیلی نے مستعفی ہونے سے متعلق باقاعدہ اعلان نہیں کیا جب کہ امریکی صدر نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’وہ اوول ہاؤس میں اپنی دوست نکی ہیلی کے ہمراہ بڑا اعلان کریں گے‘۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کیرولینا کی سابق گورنر نکی ہیلی ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر مقرر ہوئی تھیں اور وہ مختلف ممالک کے حوالے سے اپنے سخت مؤقف کی وجہ سے مشہور تھیں۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے اسرائیل سے متعلق اقدام اور امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف قرار داد منظور ہونے پر نکی ہیلی کو سخت تنقید کا سامنا تھا اور اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ سے ملاقات بھی کی تھی۔
مستعفی ہونے کے کچھ دیر بعد نکی ہیلی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اوول آفس میں ملاقات کی جہاں ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں نکی ہیلی کی خدمات کو سراہا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'نکی ہیلی شاندار فرائض انجام دینے کے بعد رواں سال کے آخر میں عہدہ چھوڑ دیں گی'۔
اس موقع پر نکی ہیلی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ نکی ہیلی نے انہیں چھ ماہ قبل ہی بتادیا تھا کہ وہ کچھ وقت کام سے دور رہنا چاہتی ہیں۔ ٹرمپ نے نکی ہیلی کیلئے نیک خواہشات کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے امید ہے کہ مستقبل میں کسی وقت ہم دوبارہ ساتھ کام کرسکیں گے'۔
خیال رہے کہ رواں برس اپریل میں وائٹ ہاؤس اور نکی ہیلی کے درمیان معاملات خراب ہوگئے تھے جب ٹرمپ کے ایک قریبی ساتھی نے نکی ہیلی کے حوالے سے کہا تھا کہ انہوں نے روس کے خلاف نئی پابندیوں کے اعلان میں جلد بازی سے کام لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ