![]() |
کراچی: عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے قومی انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) کی بدانتظامی پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ یہ ایک کبھی نہ ختم ہونے والا خوفناک اور دردناک خواب ہے۔
کراچی طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے زین پولانی کے بھائی کُمیل پولانی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’زین پولانی کے 2 بچوں کی شناخت ہوگئی تھی جس کے بعد اُن کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں۔‘
کُمیل پولانی نے لکھا کہ ’حکام کی نااہلی اور عدم توجہی کی وجہ سے زین پولانی کے ایک بچے کی لاش 11 روز قبل کسی اور فیملی کے سُپرد کر دی گئی تھی اور اُس فیملی نے اُس کی تدفین بھی کردی تھی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ’ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد اِس معاملے پر سخت تحقیقات کی جائے۔‘
کُمیل پولانی کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے قومی انٹرنیشنل ایئر لائن کی بد انتظامی پر شدید ناراضگی ظاہر کی۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ ’طیارہ حادثہ متاثرین کے اہلِ خانہ کے لیے یہ ایک کبھی نہ ختم ہونے والا خوفناک اور دردناک خواب ہے۔‘
اس سے قبل مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان اور وزارت برائے انسانی حقوق پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’براہ کرم اِس خاندان کے پیاروں کی تلاش میں اِن کی جلد از جلد مدد کی جائے تاکہ اِن کی مشکل آسان ہوسکے۔‘
دوسری جانب علی ظفر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کُمیل پولانی نامی شخص کا ٹوئٹ شیئر کیا جس میں اُس شخص کا کہنا تھا کہ ’ابھی تک ہمارے پیاروں کی شناخت نہیں ہوسکی اور ہم اُن کی ڈی این اے رپورٹس کا انتظار کررہے ہیں، براہِ کرم ہمارے مدد کریں اور اِس عمل کو تیز کریں۔‘
واضح رہے کہ جمعۃ الوداع کی دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والے قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں97 افراد جاں بحق ہوئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر [email protected] پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ