![]() |
کراچی: دنیا بھر کی طرح شوبز فنکاروں نے کراچی میں طیارہ حادثے اور ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ جاں بحق افراد کے لیے مغفرت کی دعائیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعائیں کی گئیں۔
لاہور سے کراچی روانہ ہونے والا قومی ایئر لائن کا طیارہ پی کے 8303 اپنی منزلِ مقصود پر پہنچنے سے محض ایک منٹ قبل ہی لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متصل علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 91 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے جوکہ اپنے گھروں میں عید منانے آرہے تھے۔ افسوس ناک واقعے پر جہاں پوری قوم رنج و غم کا شکار ہے وہی شوبز شخصیات نے بھی دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق فراد کے لیے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ حرا مانی نے انسٹا گرام پر شیئر کردہ تصویر میں جاں بحق افراد کے لیے دعا کی اور کہا کہ یہ ایک دل خراش واقعہ ہے جہاں لوگ اپنوں میں عید منانے کے لیے راستے میں تھے لیکن طیارہ حادثے کی نذر ہو گیا۔
اداکار عمران عباس نے کہا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کو اللہ پاک جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
اداکار منیب بٹ نے کہا کہ حادثے میں جو لوگ معجزانہ طور پر بچ گئے اللہ تعالیٰ انہیں صحت یابی عطا فرمائے اور جو ہم میں نہیں رہے اُن کی مغفرت عطا فرمائے۔
اداکارہ صبا قمر نے کہا کہ اپنے خاندانوں کو دیکھنے سے محض 60 سیکنڈ قبل ہی یہ حادثہ ہوگیا۔ اس وقت میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
اداکار ہمایوں سعید نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ حادثے میں جو لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں اللہ پاک انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور جو لوگ زخمی ہوئے ہیں دعا ہے وہ جلد صحت یاب ہوں۔
کراچی طیارہ حادثے پر جہاں پورا پاکستان سوگوار ہے وہیں ترک فنکاروں انجن التان دوزیاتن اور اسریٰ بلجک سمیت بھارتی فنکاروں نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ میں ارطغرل کا کردار نبھانے والے ادکار انجن التان دوزیاتن نے انسٹاگرام پر گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور پاکستان کے لیے دعا بھی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر [email protected] پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ