![]() |
پشاور - خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کو دھچکا لگ گیا، سٹی میئر کا انتخاب جے یو آئی نے جیت لیا جبکہ 64 میں سے 20 نشستیں حاصل کرکے جے یو آئی (ف) سب سے آگے ہے۔ میڈیا کے مطابق خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں انتخابات ہوئے جن میں سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں پر کڑا مقابلہ ہوا۔
انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔ ابتدائی نتائج میں جے یوآئی پچھلے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملنے والی برتری ختم کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چیئرمین کے لیے جمعیت علماءاسلام 20 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ حکمران جماعت پی ٹی آئی کا 15 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔
آزاد امیدوار 10 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اے این پی بھی 7 سیٹیں لے اڑی۔ ن لیگ 3 ، جماعت اسلامی دو، پیپلز پارٹی، تحریک اصلاحات پاکستان اور مزدور کسان پارٹی بھی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوگئیں۔
پشاور
پشاور میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ 7 تحصیلوں میں سے پی ٹی آئی صرف ایک نشست جیت سکی۔ جے یو آئی اب تک 3 اور اے این پی دو تحصیل کونسلز جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
سٹی میئر الیکشن
پشاور سٹی میئر کی نشست پر بھی جے یو آئی نے میدان مار لیا اور الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا۔ جے یو آئی کے زبیر علی کو 12 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر رہے۔ جے یو آئی کے زبیر علی نے 63 ہزار 388 اور پی ٹی آئی کے رضوان بنگش نے 50 ہزار 659 ووٹ حاصل کیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر [email protected] پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ