![]() |
فائل فوٹو |
وینیزویلا کے وزیر خارجہ خورخے اریزا (Jorge Arreaza) نے امریکی پابندیوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئل ٹینکروں کے وینزنیلا میں داخلے سے متعلق امریکی اقدامات پوری قوم پر حملہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ وینزویلا نے تیل لوڈ کرنے کے لئے آئل ٹینکروں کے وینزویلا میں داخلے پر پابندی سے متعلق امریکی اقدام کو وینزویلا کی پوری قوم پر حملے سے تعبیر کیا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے وزیر خارجہ جارج ایریزا نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں تیل لوڈ کرنے کے لئے آئل ٹینکروں کے وینزویلا میں داخلے پر پابندی سے متعلق امریکی اقدام کو وینزویلا کی پوری قوم پر حملے اور اس سے دشمنی برتنے سے تعبیر کیا ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا ہے کہ امریکہ اس قسم کے اقدامات کے ذریعے، وہ بھی کورورنا جیسی وبائی بیماری کے دور میں وینزویلا کی معیشت کو نشانہ بنا رہا ہے اور یہ ان کے ملک کی پوری قوم پر حملے کے مترادف ہے۔
اس سے قبل رائیٹرز نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی تھی کہ کم از کم دو آئل ٹینکر جو وینزویلا سے خام تیل لوڈ کرنے کے لئے روانہ ہوئے تھے اپنے راستے سے واپس لوٹ گئے اور بہت سے تیل بردار و دیگر بحری جہازوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کئے جانے کے امریکی اعلان کے بعد تین اور تیل بردار بحری جہاز وینزویلا کے سمندر سے دور ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی دھمکیوں کے باوجود ایران نے اپنے پانچ تیل بردار بحری جہازوں کو آبنائے جبل الطارق اور آزاد سمندری راستوں سے وینزویلا روانہ کیا اور ایران کے یہ سارے تیل بردار بحری جہاز یکے بعد دیگرے وینزویلا کے ساحل پر لنگرانداز ہوئے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں وینزوئلا کے نمائندے نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے تاکید کی تھی کہ ایرانی بحری آئل ٹینکروں کے خلاف امریکی فوجی دھمکی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حالیہ مہینوں کے دوران امریکہ نے وینزویلا کے خلاف دھونس دھمکی، دباؤ اور اس کے اقتصادی محاصرے کے ذریعے اس ملک کی امریکہ مخالف قانونی حکومت کا تختہ الٹنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خلاف اپنے مخاصمانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس ملک کے وزیر خارجہ خورخے ایریزا پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
اس سے پہلے بھی وزیر خارجہ متعدد بار امریکہ کو نشانہ بنا چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ وینیزویلا کے مقابلے میں امریکی پابندیاں بے اثر ثبات ہوں گی۔ نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وینیزویلا کے وزیر خارجہ خورخے ایریزا نے کہا کہ ہم چین، کیوبا اور روس سمیت امریکی پابندیوں سے متاثر ہونے والے تمام افریقی اور ایشیائی ملکوں کے ساتھ صلاح و مشورہ کر رہے ہیں۔
چند روز قبل حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش اور صدر مملکت کو پکڑںے کی سازش کو موجودہ حکومت نے ناکام بنادیا تھا جس میں دو امریکی اہلکار ملوث تھے جبکہ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا کی صورتحال سے امریکا کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر [email protected] پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ