عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر کے عوام کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال کے آخر تک کورونا کی ویکسین تیار ہو جائے گی۔ ڈاکٹر سوامی ناتھن کا کہنا تھا کہ انسداد ملیریا دوا ہائیڈروکسی کلوروکین کورونا وائرس انفیکشن کے علاج میں مفید نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کے ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن نے پراعتماد لہجے میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کے لئے کئی جگہ کام آخری مراحل میں ہے اور پوری امید ہے کہ کورونا کا ٹیکہ اس سال کے آخر تک ہمیں مل جائے گا۔
ڈاکٹر سوامی ناتھن کا کہنا تھا کہ انسداد ملیریا دوا ہائیڈروکسی کلوروکین کورونا وائرس انفیکشن کے علاج میں مفید نہیں ہے بلکہ نقصان کر رہی ہے اس لئے اس پر جاری سبھی ریسرچ اور ٹرائل کو روک دیا گیا ہے۔
یاد رہے اس سے پہلے عالمی ادارہ صحت اور امریکی صدر ٹرمپ ہائیڈروکسی کلوروکین کو کورونا کے کارگر اور مفید قرار دے چکے ہیں۔
موثر ویکسین کو لے کر ڈبلیو ایچ او کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے سوامی ناتھن نے کہا کہ اس کی تیاری ایک بے حد مشکل عمل ہے لیکن مجھے امید ہے کہ اس سال کے آخر تک ہم اس سلسلے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 86 لاکھ تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ سے زائد ہو گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 35 لاکھ 94 ہزار 863 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 54 ہزار 561 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 45 لاکھ 32 ہزار 547 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل امریکی دوا ساز کمپنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین اس سال اکتوبر کے آخر تک تیار ہو جائے گی۔ کمپنی فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا نے کہا ہے کہ اگر حالات ٹھیک رہے اور ویکسین کی افادیت ثابت ہوئی تو اکتوبر کے آخر تک ویکسین سامنے لانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے ایک سینیٹر نے چین پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ مغربی ممالک کی ان کوششوں کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہا ہے جن کا مقصد کورونا وائرس کی موثر ویکسین تیار کرنا ہے۔
دوسری جانب چین نے اپنے وائرس سے متعلق اقدامات کے دفاع کے لیے ایک دستاویز جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس نے چار جنوری کو امریکہ کو کورونا کے حوالے سے بریف کرنا شروع کر دیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ