Tuesday, 12 May, 2026
''سازش کا امریکی فلیور''

''سازش کا امریکی فلیور''
ناصرمغل کا کالم

 

پاکستان میں ایک بہت ہی مرغوب اور من بھاتاکھاجاہے:''سازش''۔ یہ ایسی چیونگم ہے جسے سبھی شوق سے چباتے ہیں۔ اس کے کئی فلیورزہیں۔ امریکی سازش، بھارتی سازش، یہودی سازش،یورپی سازش وغیرہ۔سازشی تھیوری کے بغیر ہمیں ماحول بے رنگ لگتاہے۔ جب تک اس پر سازش کا چھڑکائو نہ ہوسنسنی پیدانہیں ہوتی، فضا مردہ سی رہتی ہے۔ 

تحریک انصاف کی حکومت نے حزب اختلاف کی طرف سے عدم اعتماد لائے جانے کے بعد سرتوڑکوشش کی کہ کسی طرح نمبر گیم اس کے حق میں ہوجائے۔ اس مقصدکے لیے عمران خان بنفس نفیس اتحادیوں کے پاس جاتے رہے، ان سے باربارملاقات کرتے رہے، انہیں قائل کرنے کی سعی میں کوئی کس نہیں چھوڑی لیکن کوئی ہاتھ نہیں آیا۔ایسے میں مقابلہ بدمزہ ساہونے لگاتھا۔میچ یک طرفہ نظرآرہاتھا۔عمران خان بھی جان گئے کہ حکومت جانے کو ہے توانہوں نے بریک تھروکاحربہ آزمانے کا فیصلہ کرلیا۔چنانچہ پریڈگرائونڈ جلسے میں کپتان ایک سفید کاغذلہراتے ہیںاور کہتے ہیں کہ دھمکی آئی ہے۔ بس پھرکیاتھاماحول ایک دم بدل گیا، میچ میں جان پڑگئی۔کیوں کہ سازش کا انکشاف ہوگیاتھا ،اب تو مرادبرآئی تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہرطرف گہماگہمی کی لہردوڑگئی۔
ہمارے ہاں بہت سے ایسے حلقے ہیں جن کا مانناہے کہ امریکی سازش کے بغیر پاکستان میں بارش بھی نہیں ہوتی (یازیادہ ہوتی ہے،حسب ضرورت یہ بیانیہ ایڈجسٹ کیاجاسکتاہے) ۔ان حلقوںکے نزدیک ملک میں کوئی بھی سیاسی پیش رفت یاتبدیلی جس کا تعلق حکومت سے ہے ،اس کے پیچھے امریکہ کارفرماہوتاہے۔

حیرت ہے کہ امریکہ کو باربار نوازشریف کی حکومت گرانے میں بھی دل چسپی رہی، ان کی حریف بے نظیر بھٹو کو اقتدارسے چلتاکرنے میں بھی کوئی امریکی مفاد تھا،یوسف رضاگیلانی کو نااہل قراردلوانے میں بھی واشنگٹن کو مزہ آیا،اب وہ عمران خان کے پیچھے پڑاہواہے۔

پاکستانی سیاست دانوں کو بھی بات میں زورپیداکرنے اور ہانڈی کو مزے داربنانے کے لیے سازش اور بالخصوص امریکی سازش کا تڑکا لگانا پڑتا ہے۔اس کے بغیر وہ عوام کی توجہ حاصل نہیں کرپاتے۔اس میں شک نہیں کہ امریکہ سمیت دنیاکے تمام بڑے ملک سازشیں کرتے ہیں لیکن انہیں اپناملک بھی تو چلاناہوتاہے ،صبح شام کوئی کیسے پوری دنیاکے خلاف یا صرف ایک ہی ریاست کے خلاف سازش میں لگارہ سکتاہے؟۔

سازشی تھیوری کے پرستاروں کا یہ بھی کہناہے کہ پاکستان کی عسکری قیادت امریکی مفادات کا بہت خیال رکھتی ہے۔اگر ایساہے تو پھر امریکہ روزروزکیوں سازش کرنے پر مجبور ہوجاتاہے۔یہ بات بھی ناقابل فہم ہے۔نظریاتی اور غیرحقیقی ،لایعنی فلسفیانہ باتوں سے ہٹ کر دیکھاجائے تو پاکستان کا کوئی ایسا پوٹینشل بھی نہیںکہ دنیاکو خطرہ یاخوف محسوس ہو۔خوابوں اور خیالوں کی دنیامیں توضروراس بات کا چرچاہے کہ پاکستان اسلام کاقلعہ وغیرہ ہے اور ساراعالم صرف ایک ہی ملک سے کانپتاہے وہ ہے پاکستان،لیکن اس عقیدے کا حقائق سے کوئی واسطہ نہیں۔گفتارکے غازیوں کوکردار کے میدان کافاتح بنناکبھی نصیب نہیں ہوتا۔ہم نے اپنے اعمال پر کبھی نگاہ نہیں دوڑائی جوہماری آنکھ کاشہتیرہے البتہ دوسروں کی آنکھ میںسازش کا تنکا ضرور دیکھ لیتے ہیں۔

جہاں تک تحریک انصاف کی حکومت کا سوال ہے تو ایسی بے وقعت ، بے مایہ اور ذہنی مفلس جماعت کے خلاف سازش کرنے والاان سے زیادہ نااہل ہوگا۔ پی ٹی آئی نے اقتدارمیں آنے کے بعد خودہی اپنے خلاف سازشیں شروع کردی تھیں تو امریکہ کو کیاپڑی کہ دنیاکے سب سے نامراد ٹولے کے خلاف اپناوقت ضائع کرے۔ جو لوگ ساڑھے تین سال میں کچھ کرہی نہیں پائے، قوم کو کچھ دینے کی پوزیشن میں ہی نہیں، معیشت سنبھالنے کے لائق نہیں،اپنے ہی کسی ایک دعوے یاوعدے پر پورانہیں اترسکتے،ان کے خلاف سازش کے لیے امریکہ کو مداخلت کرناپڑی یعنی جو کچھ کردکھانے ،کچھ بنانے یاکسی کا کچھ بگاڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتے انہیں سازش سے ہٹانے کا فیصلہ ہوا۔کیسا بھونڈااوربے تکا مفروضہ ہے۔

ایک سفارتی مراسلے کو بنیادبناکر سازش کا مجسمہ تعمیر کردیاگیا ،صرف اس لیے کہ تحریک عدم اعتمادکاسامناکرنے کے لیے حکومت کواکثریت حاصل نہیں رہی تھی۔اس مبینہ سازش کا ذکر قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں سرے سے ہی نہیں۔ ایسامبہم اعلامیہ آنا ضرور اسرائیلی سازش رہی ہوگی!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کالم نگار، بلاگر یا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ بھی ہمارے لیے کالم / مضمون یا اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر اور مختصر تعارف کے ساتھ info@mubassir.com پر ای میل کریں۔ ادارہ

 
 
اپنا تبصرہ دینے کے لیے نیچے فارم پر کریں
   
نام
ای میل
تبصرہ
  44233
کوڈ
 
   
مقبول ترین
ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی جہازوں کے لیے بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور جنگ بندی کے دوران یہ راستہ بغیر کسی رکاوٹ کے کھلا رہے گا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت ترین وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایرانی جہاز ہماری ناکہ بندی کے قریب بھی آئے تو انہیں فوری طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ ایرانی بحریہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد میں ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وفد کی ایرانی نمائندوں کے ساتھ ملاقات اچھی رہی اور بیشتر نکات پر اتفاق بھی ہو گیا تھا، مگر سب سے اہم یعنی جوہری معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار رہا۔
پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں منعقدہ امریکہ اور ایران مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے ہیں، جس سے ایران امریکہ جنگ روکنے اور عالمی امن کے قیام کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان 21 گھنٹوں تک طویل اور اعصاب شکن مذاکرات جاری رہے، تاہم اہم شرائط پر عدم اتفاق کے باعث کوئی ڈیل طے نہ پا سکی، جس کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس وطن واپس روانہ ہو گئے۔

پاکستان
 
آر ایس ایس
ہمارے پارٹنر
ضرور پڑھیں
ریڈرز سروس
شعر و ادب
مقامی خبریں
آڈیو
شہر شہر کی خبریں