![]() |
تہران - ایران کے نئے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنہ ای نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر یہ اڈے بند نہ کیے گئے تو ان پر حملے کیے جائیں گے۔
اپنے پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن ایرانی عوام کو نشانہ بنا رہا ہے اور میناب اسکول کے شہدا کے خون کا بدلہ لیا جائے گا، آبنائے ہرمز بند رہے گی اور ایران اپنے قومی مفادات اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
نئے سپریم لیڈر نے کہا کہ ان کا منصب ان سے اہم تقاضے کرتا ہے لیکن عوام کی حکومت اور حمایت کے بغیر ان کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ دشمن کو شکست دی جا سکے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی رہنماؤں اور عوام کے درمیان رابطہ ہمیشہ برقرار رکھا جائے گا اور عوام کی خدمت کے لیے قرآن سے رہنمائی حاصل کی جائے گی، اللہ کی رہنمائی کے ساتھ وہ عظیم رہنماؤں کی تقلید کرتے ہوئے ملک کی خدمت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے شہدا کے خون کا حساب ضرور لے گا اور اگر جنگ جاری رہی تو ایسے تمام محاذ فعال کیے جائیں گے جن کا دشمن کو ابھی تجربہ نہیں، ایرانی فورسز نے اب تک دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا اور عوامی یکجہتی کے ساتھ ایران اپنے دفاع کو مزید مضبوط بنائے گا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی ایک تنظیم نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کی حمایت کا راستہ اختیار کیا ہے اور ایران اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر خطے میں مزاحمت جاری رکھے گا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا اور ایران اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے، قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ