کابل ۔ تحریک طالبان کے مرکزی رہنما اور افغانستان کی معدنیات و پیٹرولیم کی وفاقی وزارت کے سرپرست مولوی شہاب الدین دلاور نے کہا ہے کہ امارات اسلامی افغانستان کی حکومت میں تمام قوموں کے نمائندے شامل ہیں، اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان کی موجودہ حکومت ایک قومی حکومت ہے۔ دنیا کو افغانستان کی موجودہ حکومت کو تسلیم کر لینا چاہئے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ امریکہ اور ان کے اتحادیوں نے جو بھی شرائط رکھے تھے وہ ہم نے پورے کر دیئے ہیں۔
مولوی شہاب الدین دلاور افغانستان کے مقامی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دے رہے تھے۔ میزبان کے سوال پر کہ آخر دنیا کے دوسرے ممالک افغانستان کے موجودہ حکوت کو تسلیم کیوں نہیں کر رہے تو مولوی شہاب الدین دلاور کا کہنا تھا کہ ایک تو امریکہ ابھی تک افغانستان میں شکست کا جواز اپنے عوام کو نہیں بتا سکا۔ امریکہ اور ان کے اتحادیوں کی اپنی سیاست ہے لیکن ایک نہ ایک دن امریکہ سمیت دنیا کے تمام ممالک افغانستان کی حکومت کو ضرور تسلیم کر لیں گے۔
مولوی شہاب الدین دلاور نے بتایا کہ امریکہ اور ان کے اتحادیوں کی نظر میں قومی حکوت کی تعریف الگ ہے اور ہماری نظر میں الگ ہے۔ ہماری نظر میں قومی حکومت کی تعریف یہ ہے کہ حکومت میں افغانستان کے تمام قومیتوں کی بلا تفریق نمائندگی شامل ہوں لیکن امریکہ اور ان کے اتحادیوں نے گیارہ سے پندرہ بندوں کی ایک لسٹ دی ہے کہ اگر ان لوگوں کو حکومت میں شامل کیا جائے تو پھر ہم مان لیں گے کہ اب افغانستان کی حکومت قومی ہے۔ میزبان کے سوال پر مولوی شہاب الدین دلاور نے بتایا کہ لسٹ میں سیمہ ثمر، دوستم کے بیٹے کانام، محقق، خلیلی، عطانور جیسے لوگوں کے نام لکھے ہوئے تھے۔ یعنی اگر ان ناموں سمیت گیارہ یا پندرہ نام شامل کئے جائیں تو امریکہ اور ان کے اتحادی افغانستان کی موجودہ حکومت کو تسلیم کر لیں گے۔
مولوی شہاب الدین دلاور کا کہنا تھا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ جن کو ہماری حکومت میں شامل کرنا چا ہتا ہے، خود امریکہ ان لوگوں کو ویزہ تک نہیں دیتا کیونکہ یہ لوگ خود امریکی قانون میں بھی اتنے بڑے مجرم ہیں کہ وہ ان کو امریکہ کا ویزہ نہیں دے سکتے۔ امریکہ عام افغانیوں کو تو بغیر ویزہ حتی کے بغیر ٹکٹ بھی جہاز میں بٹھا کر لے جاتا ہے لیکن ان مجرمین پر امریکہ داخلے پر پابندی ہے۔
مولوی شہاب الدین دلاور نے بتایا کہ اگر میں اپنی وزارت کی بات کروں تو یہاں وزارت کے دفتر میں 558 افراد کام کر رہے ہیں۔ طالبان کے انقلاب کے بعد بھی ان 558 افراد میں سے صرف 8 بندے امارات اسلامی افغانستان نے نئے بھرتی کئے ہیں باقی تو سارے کے سارے وہی پرانے ملازمین کام کر رہے ہیں جن میں تاجک، ازبک، ہزارہ اور پختون سمیت تمام قومیتوں کے لوگ کام کر رہے ہیں۔ مولوی شہاب الدین دلاور کا کہنا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے 8 بندوں کے شامل ہونے سے اب ہماری وزارت میں قومی یکجہتی نظر آ گئی ہے کیونکہ پہلے ہماری شمولیت نہیں تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 550 بندوں کی شمولیت پر اگر افغان حکومت کی معدنیات اور پیٹرولیم کی وزارت قومی نہیں تو صرف گیارہ یا پندرہ بندوں کی شمولیت سے قومی حکومت کیسے بن سکتی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ امریکہ اور ان کے اتحادی قومی حکومت کی ظالمانہ تعریف کر رہے ہیں۔
افغانستان کے مقامی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے مولوی شہاب الدین دلاور نے بتایا کہ ہماری نظر میں قومی حکومت کی تعریف یہ ہے کہ افغانستان کے تمام ملت اور قومیتوں کے نمائندے تقوی اور اہلیت کی بنیاد پر حکومت میں شامل ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو بھی ملازمتوں سے نہیں نکالا، چند ملازمین خود بھاگ گئے تھے باقی وہی پرانے ملازمین میرے معاونین ہیں۔ میں انہیں پرانے ملازمین کے ساتھ وزارت کا نظام چلا رہا ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر [email protected] پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ