![]() |
سیالکوٹ - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جان سے مار دینے کی سازش تیار کی جارہی ہے اس لیے میں نے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرا کے محفوظ جگہ پر رکھ دی ہے اور اگر مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو عوام کے سامنے آئے گی جس میں سازش کرنے والے تمام افراد کے نام ہوں گے۔
سیالکوٹ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ساڑھے 3 سال میں پوری کوشش کی جو 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے انہیں سزا دوں۔ انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ مجھے کچھ ہوا تو عوام کو پتا چل جائے کہ کون کون لوگ میرے خلاف سازش کررہے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف بند کمروں میں ملک سے باہر اور اندر سازش ہورہی ہے، چند دن پہلے مجھے علم ہوچکا ہے سازش ہورہی ہے کہ میری جان لے لی جائے گی، میں نے ویڈیو میں پلاننگ کرنے والے سب کے نام لیے ہیں، انہوں نے سمجھا ہے کہ میں ان کے راہ میں رکاوٹ ہوں اس لیے ہٹانا چاہتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جنہوں نے انصاف کرنا تھا وہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، اگر ہم ہم سب ایک قوم بن کر نہیں نکلے تو ہمارے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا اس لیے اسلام آباد کی جانب مارچ کے لیے گرمی اور راستوں کی ساری رکاوٹیں نظر انداز کرکے پہنچیں۔
انہوں نے عدلیہ کو مخاطب کرکے کہا کہ میں بڑی عاجزی سے ایک سوال کرتا ہوں کہ ’آپ کو بڑا خطرہ محسوس ہوا عمران سے، آپ نے رات 12 بجے عدالت کھول دیں لیکن اربوں روپے کرپشن کرنے والوں کے لیے عدالتوں کے دروازے کیوں نہیں کھولے گئے، آپ کے سامنے ادارے تباہ رہے ہیں اور ایسا ہونے سے دراصل ملک تباہ ہورہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شریف پر 24 ارب روپے کے ایف آئی اے کے کیسز ہیں، ایف آئی اے کے ڈاکٹر رضوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جس نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور چپڑاسی اور ملازمین کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے برآمد کیے، حمزہ شہباز نے ڈاکٹر رضوان پر شدید دباؤ ڈالا اور وہ حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے مر گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ