![]() |
اسلام آباد - حکومت نے صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیر اعظم عمران خان، قاسم سوری اور عمر سرفراز چیمہ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا کے مطابق وفاقی حکومت نے دستور پاکستان پر عمل درآمد سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آئین شکنی کے جرم میں سابق حکومت کی اہم شخصیات کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان شخصیات میں صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ شامل ہیں جن کے خلاف کارروائی کے لیے وزرات قانون وانصاف اور وزرات داخلہ نے ریفرنس کی تیاری شروع کردی۔
میڈیا کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے عمل میں واضح آئین شکنی کی گئی، صدر عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے ایماء پر آئین شکنی کی، دستور کوسبوتاژ کیا، پنجاب اسمبلی میں آئینی عمل کو سبوتاژ کیا گیا اور گورنر نے آئین شکنی کی۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی نے پارٹی چیئرمین کے حکم پر آئین قربان کر دیا، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے آئین پر عمل درآمد کرنے واضح احکامات کی توہین کا جرم کیا گیا، بیانات اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات اور عدالتی نظائر بھی طلب کرلیے گئے ہیں جنہیں شواہد کے طور پر ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، ریفرنس سے پاکستان کی سیاسی وعدالتی تاریخ میں ایک نیا باب لکھا جائے گا۔ میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ قانون کے تحت آرٹیکل 6 کی کارروائی کرنے کی مجاز وفاقی حکومت ہے، قانون کے تحت وفاقی حکومت ریفرنس تیار کرکے دائر کرتی ہے۔
آئین کا آرٹیکل 6 کیا ہے؟
خیال رہے کہ آئین کے آرٹیکل 6 کے مطابق کوئی بھی شخص جو طاقت کے استعمال یا طاقت سے یا دیگر غیر آئینی ذریعے سے دستور کی تنسیخ کرے تخریب کر ے یا معطل کر ے یا التواء میں رکھے یا اقدام کرے یا تنسیخ کرنے کی سازش کرے یا تخریب کر ے یا معطل یا التواء میں رکھےسنگین غداری کا مجرم ہوگا۔
(2) کوئی شخص جوشق (1) میں مذکورہ افعال میں مدد دے گایا معاونت کرے گا، ۳ یا شریک ہو گا اسی طرح سنگین غداری کا مجرم ہوگا۔
(2الف) شق(۱) یاشق (2) میں درج شدہ سنگین غداری کاعمل کسی بھی عدالت کے ذریعے بشمول عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ جائز قرارنہیں دیا جائے گا۔
(3) 5مجلس شوریٰ ( پارلیمنٹ ) بذریہ قانون ایسے اشخاص کے لئے سزا مقرر کرے گی جنہیں سنگین غداری کا مجرم مقرار دیا گیا ہو ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ