![]() |
| عباس عراقچی ایران فائل فوٹو |
تہران - ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران نے کبھی بھی مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی میڈیا کی جانب سے ایرانی موقف کو غلط رنگ میں پیش کیا جا رہا ہے، جس کی وہ سختی سے تردید کرتے ہیں۔
ضرور پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ: ایران نے امریکی جدید ترین ایف 35 طیارہ مار گرایا
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہے اور انہوں نے اس موقع پر "پاکستان زندہ باد" کا نعرہ بھی لگایا۔ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ہم پر جنگ مسلط کی گئی ہے اور ہم اس غیر قانونی جنگ کے حتمی و دیرپا خاتمے کے لیے سنجیدہ ہیں، تاہم امن کے لیے طے کی جانے والی شرائط پر ہمیں بعض تحفظات اور فکر مندی لاحق ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی اخبار 'واشنگٹن پوسٹ' نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ ایران نے امریکی مطالبات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ثالثوں کو باضابطہ آگاہ کیا ہے کہ وہ فی الحال اسلام آباد میں کسی ملاقات کے لیے تیار نہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کی کوششوں میں تعطل کے بعد اب متبادل مقامات کے طور پر قطر کے دارالحکومت دوحہ یا ترکیے کے شہر استنبول پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ ترکیے اور مصر اس تعطل کو ختم کرنے کے لیے نئی تجاویز پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان نے ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے اور پاکستان کے کلیدی کردار کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ