![]() |
| پاسدارانِ انقلاب کا امریکی ایف 35 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ |
تہران / اسلام آباد - مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے، جہاں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان تنازعہ 35ویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے "آپریشن وعدہ صادق 4" کے تحت کارروائیوں کی 91ویں لہر کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے وسطی ایران کی فضائی حدود میں ایک جدید ترین امریکی لڑاکا طیارہ ایف 35 (F-35) مار گرایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق طیارےمیں اچانک دھماکے کے باعث پائلٹ کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا، تاہم امریکی سینٹکام نے ابھی تک اس پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایران میں کوئی دشمن فوجی زندہ نہیں بچے گا، آرمی چیف
ایرانی عسکری حکام کا کہنا ہے کہ تازہ کارروائیوں میں اسرائیل اور امریکا کے 7 اہم فضائی اڈوں اور بحرین میں ایک بین الاقوامی ٹیکنالوجی ادارے کے کلاؤڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب تہران سے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں سابق ایرانی وزیر خارجہ کمال خرازی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی رہائش گاہ پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملے میں ان کی اہلیہ پہلے ہی جاں بحق ہو چکی تھیں۔ ایرانی وزارتِ صحت کے مطابق 28 فروری سے اب تک ہونے والے حملوں میں 26,500 افراد زخمی اور 600 سے زائد تعلیمی ادارے متاثر ہوئے ہیں۔
علاقائی محاذ پر حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے اور یمن کے حوثیوں نے اسرائیل پر میزائل حملوں کا دعویٰ کیا ہے جس کی اسرائیلی فوج نے تصدیق کر دی ہے۔ ابوظبی کے علاقے العجبان میں فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے نتیجے میں گرنے والے ملبے سے 12 غیر ملکی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 1,345 افراد شہید اور 4,040 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ