Friday, 13 March, 2026
سید مہدی ..... یادیں زندہ ہیں

سید مہدی ..... یادیں زندہ ہیں
جاوید ملک / شب وروز

 

میں نہیں مانتا جب لوگ کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کی پہچان اس کا حسن جھرنیں آبشاریں اور آسمان کو چھوتی بلند و بالا چوٹیاں ہیں گلگت بلتستان کا حسن تو سید مہدی تھے یہ بلند چوٹیاں تو ان کے پاؤں کی دھول بھی نہ ہیں وہ نہ رہے تو جی بی کے جھرنے ترنم کیسے بپا کر سکتے ہیں یہ گھاٹیاں کیسے مسکرا سکتی ہیں بادلوں کی یہ ٹکڑیاں اٹھکیلیاں کیسے کر سکتی ہیں میں کبھی ان مناظر کا دلدادہ تھا ان کے حسن میں کہیں کھو جاتا تھا لیکن اب تو مجھے ان سے وحشت سی ہونے لگی ہے مجھے ہوائیں سسکیاں لیتی محسوس ہوتی ہیں یوں لگتا برف سے ڈھکے پہاڑ برف نہیں پگھلا رہے آنسو بہا رہے ہیں چپہ چپہ نوحہ خواں ہے آہ سید مہدی آپ کیا گئے پورے گلگت بلتستان کو ہی ویران کر گئے آپ کو لفظ کیوں سے چڑھ تھی اس لئیے میں تو یہ بھی نہیں پوچھ سکتا کہ ہمیں تنہا چھوڑ کر کیوں چلے گئے کہ مبادا آپ برہم ہی نہ ہو جائیں۔

سید مہدی برہم ہو جائیں گے یہ بھی تو میری خام خیالی ہی ہے آپ کی پہچان تو خوش دلی تھی حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں مشکلات کتنی ہی تکلیف دہ کیوں نہ ہوں وہ کبھی بھی آپ کی مخصوص مسکراہٹ کو آپ سے چھین نہ سکیں آپ تو ڈانٹتے بھی ایسے تھے کہ پیار کا گمان ہوتا تھا مجھے کل کی طرح یاد ہے کہ ڈیسک پر جب میں نے پہلی خبر کی سرخی نکالی تو آپ نے مجھے تھپکی دی اور کہا تم تو مجھ سے بھی اچھی سرخی نکالتے ہو چھوٹے بھائی میں جانتا ہوں یہ جھوٹ تھا لیکن ان الفاظ نے مجھے جو حوصلہ دیا وہ آج تک نہیں بھول سکتا آپ لفظوں کے بادشاہ تھے پوری خبر کو چند لفظوں کی سرخی میں جس مہارت سے آپ پروتے تھے ایسا ہنر مند شاید قدرت نے ایک ہی پیدا کیا تھا ہمارے لفظ تو مصنوعی سے ہیں آپ کے لفظوں میں جان تھی وہ ہنستے تھے روتے تھے چھنگاڑتے تھے ایوان اقتدار میں زلزلہ برپا کر دیتے تھے۔

کسی کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچائے بغیر اصلاح آپ کا خاصہ تھا کس خوبصورتی سے اپنے زیر نگرانی کام کرنے والوں کی درستگی کرتے کہ چھوٹے بھائی سرخی تو تم نے کمال نکالی ہے لیکن اگر اس کو ایسے کر دو تو مزہ آ جاۓ گا۔

سید مہدی کے بارے میں لکھنے بیھٹوں تو یادوں کا ایک ہجوم مجھے گھیر لیتا ہے ان کو مرحوم لکھتے ہوئے آج بھی کلیجہ حلق کو آتا ہے وہ تو زندگی کی علامت تھے کیا زندگی خود بھی مر سکتی ہے؟ مجھے اکثر یوں لگتا ہے کہ وہ ہمارے آس پاس ہیں ابھی کسی نکڑ پر آمنا سامنا ہو گیا مجھے کان سے پکڑیں گے اور کہیں گے تم پھر ڈیسک سے بھاگ گئے چلو کام کرو اس رپورٹنگ میں کچھ نہیں رکھا۔کمرشل مارکیٹ راولپنڈی کے ایک چھوٹے فلیٹ سے گلگت بلتستان کیلئے ہفتہ وار اخبارات کا اجراء اور بعد میں سب سے مقبول علاقائی روزنامہ کی مسلسل اشاعت سے انہوں نے کارکن صحافیوں کیلئے ایک ایسی مثال چھوڑی ہے جس کا دامن پکڑ کر کامیابیوں کی نئی دنیا بسائی جا سکتی ہے انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وسائل کی کمی اور دیگر مشکلات محنت اور لگن کے سامنے رائی جتنی اہمیت بھی نہیں رکھتیں آخری فتح حوصلے اور جہد مسلسل کی ہوتی ہے۔

وہ بہت محنت کرتے تھے بیک وقت اپنے ادارے چلانا اور قومی اخبارات میں بھی کام کرنا بہت کھٹن ہے مجھے کل کی طرح یاد ہے ایک دن ان کی طبعیت کچھ بوجھل سی تھی میں ضد کر کے ان کو چائےپلانے لے گیا اور ان سے لڑنے لگا کہ اتنی مشقت کیوں کرتے ہیں اور انہیں چھیڑتے ہو کہا کہ اب آپ بوڑھے ہو گئے ہیں بابا جی آرام کیا کریں تھک جاتے ہیں جس سے طبعیت خراب رہنے لگی ہے انہوں نے گہری سانس لی اور کہا تم میرے بیٹے ہو میں تمہیں اپنے خاندان کا حصہ سمجھتا ہوں ہم بہت پسماندہ علاقوں کے لوگ ہیں ہماری زندگیوں میں بدلاؤ اور انقلاب کا ایک ہی فارمولہ ہے تعلیم اور محنت دیکھنا ایک دن میرے بچوں کی کامیابی میری ساری تھکن دور کر دے گی آج جب میں ان کے بچوں سید ابرار ، سید اکرار، سید علی اور سیدہ ناجیہ زہرا کو اعلی سول عہدوں پر دیکھتا ہوں تو دل کو قرار ملتا ہے میرے بھائی بہنوں نے بابا کی تھکن اتار دی انہوں نے یہ ساری خوشیاں اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں اب وہ مٹی کی چادر اوڑھ کر آرام سے سو رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کرنل شجاع خان زادہ شہید میرے یار غار تھے سید مہدی کی طرح انہیں بھی میری صلاحتیوں پر بہت مان تھا پولیس اصلاحات کے حوالے سے ان دنوں ہم نے بہت کام کیا ان کی ذرہ نوازی تھی کہ میری تجاویز کو اہمیت دیتے اور مجھے اعلی سطحی میٹنگز میں بھی ساتھ رکھتے پولیس کی کسی اندرونی رقابت کے سبب سید علی کے حوالہ سے کچھ متنازعہ باتیں ان تک پہنچائی گئیں میں نے دو ٹوک لہجے میں انہیں کہا کہ یہ سب جھوٹ ہے کرنل شجاع خان زادہ نے مجھ سے پوچھا کہ تم اتنے یقین سے کیسے کہہ رہے ہو میں نے کہا کیونکہ یہ سید مہدی کا بیٹا ہے جس طرح سورج مغرب سے طلوع نہیں ہو سکتا اس طرح سید مہدی کی تربیت میں کمی نہیں ہو سکتی۔

سید مہدی کو ہم سے بچھڑے پانچ سال ہو گئے مجھے ہمیشہ یہ افسوس رہے گا کہ جب ان کا انتقال ہوا میں ملک سے باہر تھا میں ان کا آخری دیدار نہیں کرسکا لیکن یہ خبر ایسی تھی جیسے کسی نے کوہ ہمالیہ میرے سر پر گرا دیا ہو میرا وہ کندھا چھن گیا جس پر سر رکھ کر میں رو سکتا تھا میرا غم گسار چلا گیا میرا حوصلہ ہمت سب لمحوں میں چکنا چور ہوگیا اور اپنے اس محسن کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے میرے پاس کچھ بھی نہیں یہ چند ٹوٹے پھوٹے الفاظ ہیں مگر سچ تو یہ ہے کہ یہ بھی ان ہی کے سکھائے ہوئے ہیں. سچ تو یہ ہے کہ یہ بھی ان ہی کے سکھائے ہوئے ہیں ہائے یہ کیسا پت جھڑ آیا ہے کہ میرے سارے پیارے ایک ایک کر کے رخصت ہو رہے ہیں منو بھائی،عباس اطہر، مسعود ملک، الطاف قریشی سب چلے گئے اور سید مہدی بھی نہ رہے.

 

شوکت ہمارے ساتھ بڑا حادثہ ہوا

ہم رہ گئے ہمارا زمانہ چلا گیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کالم نگار، بلاگر یا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ بھی ہمارے لیے کالم / مضمون یا اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر اور مختصر تعارف کے ساتھ info@mubassir.com پر ای میل کریں۔ ادارہ

اپنا تبصرہ دینے کے لیے نیچے فارم پر کریں
   
نام
ای میل
تبصرہ
  63353
کوڈ
 
   
متعلقہ کالم
ایران کیخلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کو مذہبی رنگ کون دے رہا ہے؟ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تو جنگ کا اصل مقصد ایران کی ایٹمی صلاحیت کو ختم کرنا قرار دیا تھا
مسلمانوں کو مغربی دنیا سے زخم کھاتے ہوئے ایک ہزار سال ہوگئے مگر آج بھی مسلمانوں کی عظیم اکثریت مغرب کے بارے میں ’’نیک خیالات‘‘ رکھتی ہے۔ چنانچہ ہمارا سیاسی نظام مغرب سے آیا ہوا ہے۔
جب دلیل کمزور ہو، ثبوت مفقود ہوں اور نیت میں کھوٹ ہو، تو شور شرابے کو دلیل بنا لیا جاتا ہے۔ یہی حال انڈین حکومت اور میڈیا کا ہے، جو پہلگام حملے کو لے کر ایک بار پھر پاکستان کے خلاف طبلِ جنگ بجانے لگے ہیں۔ حملہ ہوا
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بالواسطہ طور پر ملک کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن عوام اور فوج کے درمیان دراڑیں ڈال رہا ہے لیکن فوج کو عوام کا اعتماد حاصل ہے اور وہ عوام کے تعاون سے اس صورت حال

مقبول ترین
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی۔
صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 48 اور 101 کے تحت منظوری دی۔ صدر مملکت نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات ہونے پر مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ایران کے نئے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنہ ای نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر یہ اڈے بند نہ کیے گئے تو ان پر حملے کیے جائیں گے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔ قرارداد کے حق میں 13 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ چین اور روس ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہے۔

پاکستان
 
آر ایس ایس
ہمارے پارٹنر
ضرور پڑھیں
ریڈرز سروس
شعر و ادب
مقامی خبریں
آڈیو
شہر شہر کی خبریں