![]() |
فائل فوٹو |
کوالالمپور۔ ملائیشیا نے کورونا وبا کے پیش نظر رواں سال اپنے شہریوں کو حج پر جانے سے روک دیا۔ رواں سال تقریباً 30 ہزار شہریوں نے حج پر جانا تھا تاہم وہ اب حج میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
طواف سے عرفات تک تمام مناسک حج ادا کرنے کی خواہش کروڑوں دلوں میں اور بھی زیادہ شدت سے دھڑکنے لگی لیکن کورونا وائرس نے مسلم امہ کی حج کی ادائیگی کے لئے پیدا ہونے والی بےقراری کو بڑھا دیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا ہے کہ رواں سال تقریباً 30 ہزار شہریوں نے حج پر جانا تھا تاہم وہ اب حج میں شرکت نہیں کرسکیں گے، یہ اقدام کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ برونائی دارالسلام کی جانب سے حج کے خواہشمند اپنے شہریوں کی روانگی ملتوی کر دی گئی ہے۔ برونائی سے ایک ہزار افراد نے حج کی سعادت حاصل کرنا تھی۔
ملائیشیا کے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ اپنے مسلم اور پڑوسی ملک انڈونیشیا کے حج سے متعلق اقدامات پر عمل کرتے ہوئے کیا ہے، امید ہے کہ اس سال حج پر جانے والے عازمین حکومت کے اس فیصلے کو تسلیم کریں گے۔
خیال رہے ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت مسلم ممالک ہر سال ہزاروں کی تعداد میں ہزاروں کی تعداد میں اپنے شہریوں کو حج کے لیے بھیجتے ہیں تاہم اس بار کورونا وبا کے پھیلاؤ کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملائیشیا اور انڈونیشیا کی جانب سے اپنے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔
ادھر کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب بھی رواں سال عازمین حج کی تعداد مختر کرنے اور علامتی تعداد کو حج اجازت دینے پر غور کررہا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج اور متعلقہ حکام کو حج سے متلعق دریافت کرنے والوں کے ہزاروں پیغامات موصول ہو رہے ہیں تاہم ابھی تک سعودی عرب نے حج سے متعلق کوئی با ضابطہ اعلان نہیں کیا۔ اس متعلق عالم اسلام کو آگاہ رکھا جائے گا۔
واضح رہے ملائیشیا سے پہلے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا مسلمان ملک انڈونیشیا رواں سال اپنے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کا اعلان کرچکا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ