![]() |
فائل فوٹو |
اسلام آباد۔ ملک بھر میں جاری کورونا وائرس کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے ملک بھر کے بڑے شہروں میں ایک ہزار آکسیجن والے بیڈ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کی فراہمی کا سلسلہ جون میں شروع ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فیصلہ آج نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں کیا گیا، یہ بیڈز جون کے مہینے میں فراہم کر دیئے جائیں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر و نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ملک میں کورونا کے مریض بڑھنے کے بعد ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ ایک ہفتے میں 250وینٹی لیٹرز صوبوں کو فراہم کیے گئے ہیں جبکہ صحت کا نظام بہتر کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیا جا رہا ہے۔
کورونا ٹیسٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ جولائی میں پاکستان میں ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستان بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آگیا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں حیران کن حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اگر مجموعی کیسز کی تعداد کی بات کی جائے تو آج اب تک کورونا سے مزید 3 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2067 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 103671 تک پہنچ گئی ہے۔
اس بڑھتی ہوئی مریضوں کی تعداد اور موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اب حکومت نے ملک بھر کے بڑے شہروں میں ایک ہزار آکسیجن والے بیڈ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد جون کے مہینے میں ان بیڈز کو مختلف شہروں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ این سی او سی نے صوبوں کو 250 اضافی وینٹی لیٹرز فراہم کیے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ