![]() |
| پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین |
اسلام آباد - امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی کے اعلان کے بعد خلیجی ممالک سمیت عالمی برادری نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔ عالمی رہنماؤں نے اسے خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیش رفت سے خطے میں پائیدار امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر انور قرقاش نے بھی پاکستان کی ثالثی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امارات اپنی خودمختاری کا دفاع کرتے ہوئے ایک بڑے تنازع سے محفوظ رہا ہے۔ انہوں نے پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔
برطانوی سیکریٹری خارجہ یوویٹ کوپر نے جنگ بندی اور اسلام آباد میں ہونے والے مجوزہ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا کھلنا اور جہاز رانی کی بحالی عالمی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ادھر چین کے دفترِ خارجہ نے بھی پاکستان کی کاوشوں کو 'قابلِ تعریف' قرار دیتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
قطر نے بھی اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے کشیدگی میں کمی کا اہم ذریعہ قرار دیا ہے۔ عالمی رہنماؤں کے یہ بیانات ثابت کرتے ہیں کہ پاکستان کی سفارتی حکمتِ عملی نے خطے کو ایک ہولناک جنگ سے بچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ