![]() |
راولپنڈی - پاک فوج کے ترجمان ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اس معاملے پر غیر ضروری بحث نہ کی جائے، یہ ہی ہم سب کے لیے اچھا اور بہتر ہے. راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہےاور وہ مزید موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
علاوہ ازیں میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ 9 مارچ کو بھارتی حدود سے ایک چیز پاکستان میں داخل ہوئی تھی، پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے اس چیز کی مکمل مانیٹرنگ کی ہے، اس کی کوئی بھی وجہ ہے اس کی وضاحت بھارت کو دینی ہے، ہم اس واقعے پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہیں کررہے۔
میجرجنرل بابر افتخارنے کہا کہ جس وقت وہ چیز بھارت سے پاکستانی حدود میں داخل ہوئی وہ ممکنہ طور پر غیر مسلح تھی، پاکستانی فضائی حدود میں یہ چیز 3 منٹ چند سیکنڈ موجود رہی تھی جبکہ نشاندہی اور رسپانس کا وقت بالکل درست رہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی چیز کسی حساس جگہ پر نہیں گری، بھارت کے زیر استعمال ٹیکنالوجی ناقص ہے اور اس پر انہیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، اڑنے والی چیز گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اس معاملے میں غیر ضروری بحث نہ کی جائے، وہی ہم سب کے لیے اچھا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ