![]() |
| ایران میں آیت اللہ خامنہ ای کا چہلم |
تہران - ایران کے سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای، اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور میناب اسکول کے بچوں کے چہلم کے موقع پر تہران سمیت ملک بھر میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ جمعرات کی صبح شروع ہونے والی مرکزی ریلی تہران کے جمہوری اسکوائر سے اس مقام تک نکالی گئی جہاں آیت اللہ خامنہ ای نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، اس سوگوار تقریب میں عوام کا سمندر امڈ آیا۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بھی چہلم کے جلوس میں شرکت کی اور اس دوران وہ سیکیورٹی کے روایتی حصار کو توڑ کر عوام میں گھل مل گئے، جہاں شہریوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور اضلاع میں بھی اسی نوعیت کے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے جن میں شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
ضرور پڑھیں: "انگلیاں اب بھی ٹریگر پر، لبنانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، مسعود پزشکیان"
واضح رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے فضائی حملوں کے پہلے ہی روز اپنے اہلخانہ سمیت شہید ہو گئے تھے۔ ان کے ہمراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی، ریئر ایڈمرل علی شمخانی اور میجر جنرل محمد پاکپور سمیت کئی اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور مشیران نے بھی شہادت پائی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ