![]() |
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے غیر قانونی فنڈنگ سمیت دو مقدمات میں کالعدم جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید کو مجموعی طور پر 31 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
جمعے کو انسدادِ دہشتِ گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے حافظ سعید کو سزا سنائی۔ عدالت نے دونوں کیسوں میں حافظ سعید پر مجموعی طور پر تین لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
میڈیا کے مطابق سزا لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سنائی۔ اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں سی ٹی ڈی لاہور اور ساہیوال کی طرف سے درج مقدمہ نمبر 90/19 اور 21/19 کی سماعت ہوئی۔
سی ٹی ڈی کی طرف سے حافظ محمد سعید پر فنڈز اکٹھے کر کے جس مسجد و مدرسہ کی تعمیر کا الزام عائد کیا گیا تھا عدالت نے اسے بھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دیا ہے۔
جماعت الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ سعید جولائی 2019 سے گرفتار ہیں اور ان کے خلاف اب تک سات مقدمات کے فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔ حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات میں فنڈز اکٹھے کر کے مساجد و مدارس تعمیر کرنے جیسے الزامات ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ