![]() |
اسلام آباد - وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ بجلی اور گیس کے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ میڈیا کے مطابق وزیراعظم نے توانائی کے شعبے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بجلی اور گیس کے شعبوں میں موجود گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ توانائی کے شعبے میں موجود گردشی قرضے کو کم کیا جائے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت بہتر پالیسی کے ذریعے 2013-18 میں اپنے دور حکومت کے دوران گردشی قرضے کو مکمل ختم کرنے کا عملی ثبوت دے چکی ہے۔
وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلسل محنت اور مؤثر حکمت عملی سے اب بھی اس مسئلے پر دوبارہ قابو پالیں گے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل اس طرح مکمل کیا جائے کہ گردشی قرضہ بتدریج کم ہو کر بالآخر ختم ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی تقسیم کار کمپنیاں بلوں کی ریکوری کے نظام کو فوری طور پر بہتر کریں، بجلی اور گیس کے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ وزیر اعظم نے بجلی اور گیس کے بلوں کی وصولی کے نظام کو بھی مزید موثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
اجلاس میں توانائی بچت پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ پلان کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس میں صوبائی وزرا اعلیٰ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے کے محصولات میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں، اس مقصد کے لیے ترسیل کے نظام کو بہتر جائے تاکہ بجلی اور گیس کی چوری اور ضیاع کو روکا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ