![]() |
اسلام آباد - تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو اسلام آباد میں واقع ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا کے مطابق تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن کے اہلکاروں نے اسلام آباد میں واقع ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کرلیا جہاں سے انہیں تھانہ کوہسار لانے کے بجائے کہیں اور لے جایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن ونگ ڈی جی خان نے اراضی کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا جہاں سے انہیں لاہور یا ڈی جی خان لے جانے کا بھی امکان ہے۔ شیریں مزاری پر اس مقدمے میں ایف آئی آر درج ہے، عملہ وارنٹ گرفتاری لے کر آیا تھا۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز مارچ 2022ء میں کیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پارٹی کے مرکزی قائدین کچھ دیر میں تھانہ کوہسار پہنچیں گے، تمام کارکنان بھی تھانہ کوہسار پہنچ جائیں۔
شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کا کہنا ہے کہ مرد پولیس اہلکار میری ماں پر تشدد کرتے ہوئے انہیں گھسیٹے ہوئے لے گئے اور مجھے صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ونگ لاہور اسے لے گیا ہے۔
گرفتاری کے بعد ان کی بیٹی کے ہمراہ فواد چوہدری، بابر اعوان، شبلی فراز اور دیگر رہنما تھانہ کوہسار پہنچے جب کہ تھانہ کے باہر کارکنان جمع ہوگئے جنہوں ںے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
ایف آئی آر کا متن:
ایف آئی ار کے مطابق پولیس کارروائی کے لیے 11 اپریل 2022ء میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن پنجاب کو لیٹر موصول ہوا۔ لیٹر میں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے شوکت علی پٹواری، قسمت علی پٹواری پر اندراج مقدمہ کا حکم دیا گیا۔ لیٹر میں دیگر قصورواران کے دوران تفتیش تعین کا بھی حکم دیاگیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے اسسٹنٹ کمشنر راجن پورکے احکامات پر درج کیا۔ لیٹر کے ساتھ اے سی روجھان کی انکوائری رپورٹ بھی شامل تھی۔ انکوائری رپورٹ میں درج تھا کہ موضع کچھ میانوالی دو روجھان کی جمع بندی سال 1971-72 ملزمان نے دیگر مفاد کنندگان کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعے ریونیو ریکارڈ سے غائب دی۔
ریونیو ریکارڈ غائب کرنے پر سردست صورت جرم 409 ت پ 5/2/47 پی سی اے کا اطلاق پایا جاتا ہے۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے تفتیش مقدمہ پر ڈی ڈی آئی انویسٹی گیشن، اے ڈی آئی انویسٹی گیشن اور سرکل آفیسر ڈی جی خان کو مامور کیا۔
شیریں مزاری پر الزام لگایا گیا ہے کہ ان کے والد نے 1971/72ء میں موضع کچہ میانوالی میں 800 کنال اراضی پراگرایسو فارم لمیٹڈ کے نام کر دیا ڈپٹی کمشنر راجن پور کی مدعیت میں 12 اپریل 2022ء میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور اسی بنیاد پر شیریں مزاری کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ