![]() |
بھارت میں ویسے تو جمہوریت پسندی کا نقاب اوڑھ رکھا ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں بلکہ بھارت ایک انتہا پسند ملک ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے پر 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کردی۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پہلگام واقعے کے بعد اشتعال انگیزی اور فرقہ وارانہ حساسیت کا حامل مواد نشر کرنے کے الزام میں 6 کروڑ 30 لاکھ سبسکرائبرز کے حامل 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کردی ہے۔
پابندی کی زد میں آنے والے یو ٹیوب چینلز میں ڈان نیوز، سما ٹی وی، اے آر وائی نیوز، بول نیوز، رفتار، جیو نیوز، جی این این اور سنو نیوز کے یوٹیوب چینلز شامل ہیں۔ جبکہ صحافی ارشاد بھٹی، عاصمہ شیرازی، عمر چیمہ اور منیب فاروق کے یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جن دیگر ہینڈلز پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں پاکستان ریفرنس، سما اسپورٹس، عزیر کرکٹ اور رازی ناما شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی میڈیا مستقل حقائق سے عاری اور غیرذمے دارانہ رپورٹنگ میں مصروف ہے جبکہ پاکستانی میڈیا اور یوٹیوب چینلز نے حقائق کا سہارا لیتے ہوئے بھارتی حکومت اور اس کے میڈیا کے جھوٹ کا پول کھول کر رکھ دیا جس پر بھارتی حکومت نے تلملاہٹ میں یہ قدم اٹھایا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے رواں ماہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں فائرنگ کے واقعے میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے اگلے روز سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت نے پہلگام آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔
بھارتی اشتعال انگیزی پر منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بھارتی حکومت کو پہلگام واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش بھی کرچکے ہیں تاہم بھارتی حکومت نے تاحال اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔ ایسا لگتا ہے کہ بھارت ایک جمہوری ملک نہیں بلکہ ایک انتہا پسند حکومت ہے جو بھارت میں بسنے والے اقلیتوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ