![]() |
لاہور - مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔ انہوں نے وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر حمزہ شہبازکو مبارکباد دی۔
حمزہ شہبازشریف کے فیملی ممبرز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ حمزہ شہباز اور نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نواز ایک ہی گاڑی میں گورنر ہاؤس پہنچے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا” اور “حمزہ شہباز زندہ باد” کے نعرے لگائے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کیلئے وقف رہے گا، وزارت اعلیٰ کو منصب نہیں سمجھتا، اس عہدے کوعوام کی فلاح کیلئے استعمال کروں گا، عوام کے مسائل کا پورا احساس ہے، میرا پل پل عوام کے مسائل کے حل کیلئے صرف ہوگا۔
سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف پنجاب نے حمزہ شہبازکابطور وزیراعلی پنجاب حلف اٹھانے کانوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد سابق وزیراعلی عثمان بزدار کو کام سے روک دیاگیا۔
پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے الیکشن میں حمزہ شہباز نے 197 ووٹ لیے تھے۔ وہ پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔ یاد رہے کہ گورنر ہاؤس میں دو مرتبہ پہلے بھی حلف برداری کے لیے پنڈال سجایا گیا تھا لیکن حلف برداری نہیں ہوسکی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: مبصر ڈاٹ کام ۔۔۔ کا کسی بھی خبر سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔۔۔ اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر info@mubassir.com پر ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ